Skip to content

خدا معجزات کا خدا ہے (۱)

Posted in خُدا کی تلاش

ہر اِنسان کی زندگی میں چھوٹے موٹے معجزات رُونما ہوتے رہتے ہیں یا یوں کہہ لیں کہ ہم کسی بھی کامیابی کو معجزے کا نام دے کر اپنی جھوٹی انا کی تسلی کر لیتے ہیں۔ پسند کی شادی میں رکاوٹ اور ہو جائے تو معجزہ ہو گیا۔ نوکری نہ مِلے اور اچانک مِل جائے تو معجزہ ہو گیا۔ کسی مُلک کا ویزا لگ جائے تو معجزہ ہو گیا۔ فیورٹ ٹیم ہارتے ہارتے میچ جیت جائے تو معجزہ ہو گیا۔ اچانک لاٹری لگ جائے تو معجزہ ہو گیا۔ مطلب یہ کہ ہم اِنسانوں کی زندگی ایسے ہی خود ساختہ معجزوں کے گِرد گھومتی ہے۔ لیکن آج ہم من گھڑت نقلی معجزوں کی نہیں بلکہ اُن معجزات کی بات کریں گے جو خدا کی قدرت و طاقت سے ظاہر ہوتے ہیں کیونکہ خدا معجزات کا خدا ہے۔ معجزہ یا نشان خدا کی طرف سے ایک ایسا حیرت انگیز، انوکھا و عجیب کام ہوتا ہے جو اِنسانی طاقت و اہلیت، سوچ و سمجھ اور عقل و شعور سے بالکل باہر ہوتا ہے، اور جِسے دیکھ کر لوگ بے اِختیار کہہ اُٹھیں کہ واہ یہ یقیناً خدا کا معجزہ، خدا کی طرف سے نشان ہے۔ بائبل مُقدس میں لکھا ہے، ’’تُو وہ خدا ہے جو عجیب کام کرتا ہے۔ تُو نے قوموں کے درمیان اپنی قدرت ظاہر کی۔ ‘‘ (زبور ۷۷:۱۴) خدا اپنے معجزوں، نشانوں اور عجائبوں کے ذریعہ اپنے پیغام و کلام کی تصدیق کرتا ہے کہ جو کچھ تم سُن یا دیکھ رہے ہو اُس کے پیچھے مَیں ہوں۔ خدا اپنے آپ کو بنی نوع اِنسان پر ظاہر کرنے کے لئے اپنی آسمانی طاقت و قدرت کا مظاہرہ کرتا ہے۔

دُنیا کی تخلیق سے آج تک خدا ہم اِنسانوں کی زندگی میں اپنی قدرت کے عجائب دِکھاتا رہتا ہے، دُنیا کی تخلیق اور اِنسان کی پیدایش بھی خدا کا ایک عظیم معجزہ ہے۔ بائبل مُقدس کے معجزات کو ہم تین خاص زمانوں میں تقسیم کر سکتے ہیں۔ پہلا موسیٰ اور یشوع کی راہنمائی میں خروج اور کنعان کی فتح کا زمانہ، دوسرا ایلیاہ اور الیشع کی خدمت کا زمانہ اور تیسرا مسیح یسوع اور اُس کے شاگردوں کی خدمت و تبلیغ کا زمانہ۔ اِن تین زمانوں میں خدا نے اپنی طاقت و قدرت کا بھرپور مظاہرہ کِیا، خاص طور پر موسیٰ اور مسیح کے زمانے میں۔ موسیٰ کے ذریعہ خدا نے یہودیوں کو فرعون کی غلامی سے نجات دے کر ایک قوم بنایا، اور مسیح یسوع کے زمانہ میں معجزات کا مقصد مسیح کا خدا کی طرف سے ہونا اور کلیسیا قائم کرنا تھا۔

جب خدا نے اپنی چُنی ہوئی قوم بنی اِسرائیل کو مِصر میں فرعون کی غلامی سے چھڑانے کا منصوبہ بنایا تو اُس نے اپنے آپ کو موسیٰ پر ایک جلتی جھاڑی میں ظاہر کِیا۔ بائبل مُقدس میں لکھا ہے، ’’اور خداوند کا فرشتہ ایک جھاڑی میں سے آگ کے شعلہ میں اُس پر ظاہر ہُوا۔ اُس نے نگاہ کی اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک جھاڑی میں آگ لگی ہوئی ہے پر وہ جھاڑی بھسم نہیں ہوتی۔ تب موسیٰ نے کہا، مَیں اَب ذرا اُدھر کترا کر اِس بڑے منظر کو دیکھوں کہ یہ جھاڑی کیوں نہیں جل جاتی۔ جب خداوند نے دیکھا کہ وہ دیکھنے کو کترا کر آرہا ہے تو خدا نے اُسے جھاڑی میں سے پکارا اور کہا، اَے موسیٰ! اَے موسیٰ! اُس نے کہا، مَیں حاضر ہوں۔ تب اُس نے کہا، اِدھر پاس مت آ۔ اپنے پائوں سے جوتا اُتار کیونکہ جس جگہ تُو کھڑا ہے وہ مُقدس زمین ہے۔ پھر اُس نے کہا کہ مَیں تیرے باپ کا خدا یعنی ابرہام کا خدا، اور اِضحاق کا خدا اور یعقوب کا خدا ہوں۔ موسیٰ نے اپنا منہ چھپایا کیونکہ وہ خدا پر نظر کرنے سے ڈرتا تھا۔ اور خداوند نے کہا، مَیں نے اپنے لوگوں کی تکلیف جو مِصر میں ہیں خوب دیکھی اور اُن کی فریاد جو بیگار لینے والوں کے سبب سے ہے سُنی، اور مَیں اُن کے دُکھوں کو جانتا ہوں۔ اور مَیں اُترا ہوں کہ اُن کو مِصریوں کے ہاتھ سے چھڑائوں…‘‘ (خروج ۳:۲-۸)

اور جب موسیٰ جھاڑی میں خدا کا جلال دیکھ کر واپس پلٹا تو وہ اپنی قوم بنی اِسرائیل کا نجات دہندہ بن چُکا تھا۔ خدا نے موسیٰ کے ذریعہ بار بار آسمانی معجزات دِکھائے، جن کو دیکھ کر فرعون اور اُس کے جادُو گر نہ صرف ناکام و شرمندہ ہوئے بلکہ ڈر اور خوف کے مارے ہمت ہار دی اور مظلوم و لاچار یہودی غلاموں کو آزاد کر دیا۔ اور جب موسیٰ کی راہنمائی میں بنی اِسرائیل مِصر چھوڑ کر جا رہے تھے تو فرعون کا دِل ایک بار پر پھر سخت ہو گیا اور وہ اپنے سپاہیوں کے لشکر کے ساتھ اُن کے پیچھے نکلا۔ اَب سامنے ٹھاٹھیں مارتا ہُوا سمندر اور پیچھے گھوڑوں اور رتھوں پر فرعون کی فوج تھی جو اُنہیں تباہ و برباد کرنے کے لئے بھاگی چلی آ رہی تھی۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ خدا نے اپنے لوگوں کو بچانے کے لئے کیسے اپنی قدرت و طاقت دِکھائی۔ اور خداوند کے کہنے پر، ’’پھر موسیٰ نے اپنا ہاتھ سمندر کے اُوپر بڑھایا اور خداوند نے رات بھر تند پوربی آندھی چلا کر اور سمندر کو پیچھے ہٹا کر اُسے خشک زمین بنا دیا اور پانی دو حِصے ہو گیا۔ اور بنی اِسرائیل سمندر کے بیچ میں سے خشک زمین پر چل کر نکل گئے اور اُن کے دہنے اور بائیں ہاتھ پانی دیوار کی طرح تھا۔ اور مِصریوں نے تعاقب کِیا اور فرعون کے سب گھوڑے اور رتھ اور سوار اُن کے پیچھے پیچھے سمندر کے بیچ میں چلے گئے۔ اور رات کے پچھلے پہر خداوند نے آگ اور بادل کے سُتون میں سے مِصریوں کے لشکر پر نظر کی اور اُن کے لشکر کو گھبرا دیا۔ اور اُس نے اُن کے رتھوں کے پہیوں کو نکال ڈالا۔ سو اُن کا چلانا مشکل ہو گیا۔ تب مِصری کہنے لگے، آئو ہم اِسرائیلیوں کے سامنے سے بھاگیں کیونکہ خداوند اُن کی طرف سے مِصریوں کے ساتھ جنگ کرتا ہے۔ اور خداوند نے موسیٰ سے کہا کہ اپنا ہاتھ سمندر کے اُوپر بڑھا تاکہ پانی مِصریوں اور اُن کے رتھوں اور سواروں پر پھر بہنے لگے۔ اور موسیٰ نے اپنا ہاتھ سمندر کے اُوپر بڑھایا اور صبح ہوتے ہوتے سمندر پھر اپنی اصلی قوت پر آ گیا اور مِصری اُلٹے بھاگنے لگے اور خداوند نے سمندر کے بیچ ہی میں مِصریوں کو تہ و بالا کر دیا۔ …اور وہ لوگ خدواند سے ڈرے اور خداوند پر اور اُس کے بندے موسیٰ پر اِیمان لائے۔‘‘ (خروج ۱۴:۲۱-۲۷، ۳۱)

مگر بھوک کے باعث بہت جلد اُن کا اِیمان ڈگمگانے لگا اور وہ خدا کی رحمتوں اور معجزوں کو بھول کر بُڑبُڑنے لگے۔ پاک اِلہامی کلام میں لکھا ہے، ’’اور خداوند نے موسیٰ سے کہا، مَیں نے بنی اِسرائیل کا بُڑبُڑانا سُن لیا ہے۔ سو تُو اُن سے کہہ دے کہ شام کو تم گوشت کھائو گے اور صبح کو تم روٹی سے سیر ہو گے اور تم جان لو گے کہ مَیں خداوند تمہارا خدا ہوں۔‘‘ (خروج ۱۶:۱۱-۱۲)

موسیٰ کے بعد خدا کا ایک اَور بندہ ایلیاہ نبی بھی خدا کی آواز کو سُنتا تھا اور بُت پرست لوگوں کو پاک و مُقدس خدا کا پیغام سُناتا تھا۔ بائبل مُقدس میں لکھا ہے، ’’اور ایلیاہ سب لوگوں کے نزدیک آ کر کہنے لگا، تم کب تک دو خیالوں میں ڈانونڈول رہو گے؟ اگر خداوند ہی خدا ہے تو اُس کے پیرو ہو جائو اور اگر بعل ہے تو اُس کی پیروی کرو…‘‘ (۱-سلاطین ۱۸:۲۱) مگر بعل دیوتا کے پُجاریوں پر ایلیاہ کی باتوں کا کچھ اثر نہ ہُوا۔ اَب ایک طرف اکیلا خدا کا نبی ایلیاہ تھا اور دوسری طرف بعل دیوتا کے چار سو پچاس نبی۔ ایلیاہ نے لوگوں کے ہجوم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم کو دو بیل دیئے جائیں۔ تم چُن کر اپنا بیل ٹکڑے ٹکڑے کاٹ کر لکڑیوں پر رکھ دو اور نیچے آگ نہ لگائو اور مَیں دوسرا بیل کاٹ کر لکڑیوں پر رکھ دوں گا اور نیچے آگ نہیں جلائوں گا۔ تم اپنے دیوتا سے دُعا کرنا اور مَیں اپنے خداوند سے دُعا کروں گا اور جو خدا لکڑیوں میں آگ لگا دے وہی سچا خدا ٹھہرے۔ سو بعل کے سینکڑوں پُجاری صبح سے دوپہر تک ناچتے کودتے بعل دیوتا کی مِنت سماجت کرتے رہے مگر نہ کوئی آواز آئی اور نہ کوئی جواب۔ بیل ویسے ہی لکڑیوں پر دھرے کے دھرے رہ گئے۔ تب خدا کے بندے ایلیاہ نے یعقوب کے بیٹوں کے قبیلوں کے شمار کے مطابق بارہ پتھر لئے اور اُن پتھروں سے خداوند کے نام کا ایک مذبح بنایا اور لکڑیوں پر بیل کے ٹکڑے ٹکڑے کاٹ کر رکھ دیئے اور کہا کہ اِس پر چار مٹکے پانی سے بھر کر تین بار اُس سُوختنی قربانی اور لکڑیوں پر انڈیل دو اور مذبح پانی سے بھر گیا۔ چلئیے آئیے دیکھتے ہیں کہ خدا نے بُت پرست لوگوں کے سامنے ایلیاہ کی دُعا سُن کر کیسے اپنی معجزانہ قدرت دِکھائی۔ ’’تب خداوند کی آگ نازل ہوئی اور اُس نے اُس سُوختنی قربانی کو لکڑیوں اور پتھروں اور مٹی سمیت بھسم کر دیا اور اُس پانی کو جو کھائی میں تھا چاٹ لیا۔ جب سب لوگوں نے یہ دیکھا تو منہ کے بل گرے اور کہنے لگے، خداوند وہی خدا ہے! خداوند وہی خدا ہے!…‘‘ (۱-سلاطین ۱۸:۳۸-۳۹)

خدا کا ایک اَور پیارا بندہ الیشع، ایلیاہ نبی کا شاگرد، اپنے آقا و اُستاد کے نقشِ قدم پر چل رہا تھا۔ اُس نے بھی اپنی آنکھوں سے خدا کی معجزانہ قدرت کو دیکھا کہ کِس طرح دریائے یردن دو حِصے ہو گیا۔ پاک کلام میں لکھا ہے، ’’ اور ایلیاہ نے اپنی چادر کو لیا اور اُسے لپیٹ کر پانی پر مارا اور پانی دو حِصے ہو کر اِدھر اُدھر ہو گیا اور وہ دونوں خشک زمین پر ہو کر پار گئے۔‘‘ (۲۔سلاطین ۲:۸)

خدا نے اِلیشع نبی کے ذریعہ بھی کئی بار اپنی معجزانہ قدرت دِکھائی۔ ایک مرتبہ ایک مجبور عورت نے اُس سے فریاد کی کہ گھر میں ایک پیالہ تیل کے سِوا کچھ نہیں اور باہر قرض لینے والا کھڑا ہے۔ اِلیشع نبی کے کہنے پر اُس نے ہمسایوں کے سارے برتن اِکھٹے کِئے اور گھر جا کر اُس نے دیکھا کہ سارے برتن معجزانہ طور پر تیل سے لبالب بھرتے جا رہے ہیں، یہاں تک کہ اُس کے پاس کوئی اَور برتن نہ رہا۔ بائبل مُقدس میں لکھا ہے، ’’تب اُس نے آ کر مردِ خدا (یعنی اِلیشع) کو بتایا۔ اُس نے کہا، جا تیل بیچ کر قرض ادا کر اور جو باقی رہے اُس سے تُو اور تیرے فرزند گذران کریں۔‘‘ (۲-سلاطین ۴:۷)

معزز سامعین! آپ نے دیکھا کہ خدا نے کِس طرح پہلے موسیٰ، پھر ایلیاہ اور پھر اِلیشع کے ذریعہ اپنی معجزاتی قدرت کا مظاہرہ کِیا۔ اِن کے علاوہ اَور بھی بہت سے اِلٰہی معجزات ہیں جن کا بائبل مُقدس کے پُرانے عہدنامہ میں تفصیل سے ذِکر ہے۔ ایک ہی پروگرام میں سب کو بیان کرنا ممکن نہیں مگر اِسی پروگرام کے دوسرے حِصہ میں ہم نئے عہدنامہ یعنی اِنجیل مُقدس میں قلمبند خدا کے اُن معجزات پر روشنی ڈالیں گے جن کا مظاہرہ اُس نے مسیح یسوع میں ہو کر کِیا۔ ضرور سُنیئے گا۔